صدر آصف علی زرداری کی ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان احمد بن سلیم سے ملاقات

23

دبئی:صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان احمد بن سلیم سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران پاکستان اور ڈی پی ورلڈ کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کا جائزہ لیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ حالیہ بین الحکومتی معاہدے دونوں اطراف کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ بدھ کو ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کے ساتھ ڈی پی ورلڈ کی مضبوط اور پائیدار شراکت داری اور ملک کے لاجسٹکس، بندرگاہوں کے آپریشنز اور انفراسٹرکچر میں اس کے کردار کو سراہا۔صدر مملکت نے کہا کہ یہ اقدامات پاکستان کے اس ہدف کے عین مطابق ہیں جس کے تحت ملک کو بہتر رابطوں اور جدید لاجسٹکس انفراسٹرکچر کے ذریعے علاقائی تجارت اور ٹرانزٹ کے مرکز کے طور پر منوانا ہے۔
سلطان احمد بن سلیم نے عالمی غیر یقینی صورتحال کے اس دور میں پاکستان کی تزویراتی (اسٹریٹجک)اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ سمندری راستوں پر بڑھتے ہوئے دباﺅ کے پیش نظر پاکستان ایک کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور وسطی ایشیا کے ساتھ پاکستان کا براہ راست رابطہ، بحیرہ عرب تک رسائی اور سڑکوں و ریلوے کے نیٹ ورک کے ذریعے زمینی رابطہ اسے علاقائی تجارت اور عالمی رابطہ کاری کے اسٹریٹجک مرکز میں لاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمندر اور زمین کے ذریعے دنیا کے اہم حصوں کو جوڑنے والا ایک قدرتی مرکز ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متحدہ عرب امارات دہائیوں پر محیط قابلِ اعتماد اور دیرینہ تعلقات کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پارٹنر اداروں کو ادارہ جاتی سہولیات اور تیز رفتار منظوریوں کی فراہمی کے لیے حکومتِ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ریل فریٹ کی جدید کاری، ان لینڈ لاجسٹکس اور مربوط فریٹ کوریڈورز میں طویل مدتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں