آدھا رمضان گزر گیا ابھی کے پی حکومت رمضان پیکج کی تقسیم شروع نہیں کرسکی‘ عظمیٰ بخاری

30

لاہور :وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آدھا رمضان گزرنے کے باوجود خیبرپختونخواہ حکومت ابھی تک رمضان پیکج کی تقسیم شروع نہیں کر سکی،اس کے برعکس پنجاب حکومت رمضان نگہبان پیکج کے تحت اب تک 30 لاکھ افراد کو امدادی رقم منتقل کر چکی ہے اور آئندہ چند دنوں میں حکومت 40 لاکھ مستحق افراد تک امداد پہنچانے کا ہدف بھی حاصل کر لے گی۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شروع کردہ نگہبان رمضان پروگرام کے تحت صوبے بھر میں قائم مریم کے دسترخوانوں سے روزانہ لاکھوں افراد افطاری کر رہے ہیں اور مستحق لوگوں کو باعزت انداز میں سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ خیبرپختونخواہ حکومت ابھی تک اپنے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے فہرستیں طلب کرنے کے مرحلے میں ہی ہے۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی حکومت اس سال بھی خیبرپختونخواہ میں رمضان پیکج کے نام پر پارٹی کارکنوں میں 10 ارب روپے تقسیم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ خود کے پی حکومت کے ذمہ داران بھی اس حوالے سے لاعلم دکھائی دیتے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مزمل اسلم کو یہ بھی معلوم نہیں کہ ان کی حکومت نے رمضان پیکج کی تقسیم شروع کی ہے یا نہیں، جبکہ سہیل آفریدی بھی امدادی رقم کی تقسیم کے بارے میں لاعلم ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخواہ حکومت کی پوری توجہ عوامی مسائل کے بجائے صرف اڈیالہ جیل کے قیدی کی طرف مرکوز ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 12 برس سے چار کروڑ آبادی والے صوبے کو بے حس اور لاپرواہ حکمرانوں کے حوالے کیا گیا ہے جس کی وجہ سے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں