اسلام آباد :وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں لائیو سٹاک کا شعبہ زرعی معیشت کا ایک بنیادی ستون ،جدید بنانے سے نہ صرف خوراک کے تحفظ کو بہتر بنایا جا سکتا بلکہ گوشت اور دیگر لائیو اسٹاک مصنوعات کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہے۔جاری بیان کے مطابق جمعرات کو وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اسلام آباد میں ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ترکیہ کے وفد نے شرکت کی۔ وفد کی قیادت پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عزت مآب مسٹر عرفان نذیروغلو کر رہے تھے جبکہ اجلاس کی میزبانی پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر سید مرتضی حسن اندرابی نے کی۔
اجلاس میں پاکستان کے لائیو اسٹاک سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے، گوشت کی پراسیسنگ، جانوروں کی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور برآمدات کے فروغ کے لیے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک وفد میں لائیو اسٹاک، جینیٹکس، جانوروں کی بیماریوں کے کنٹرول، سرٹیفیکیشن، لاجسٹکس اور کولڈ چین کے شعبوں کے ماہرین شامل ہیں جو پاکستان میں مختلف لائیو اسٹاک مراکز اور سلاٹر ہاسز کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ موجودہ نظام کا جائزہ لے کر اس شعبے کی بہتری کے لیے سفارشات مرتب کی جا سکیں۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان لائیو سٹاک شعبے میں تعاون کے فروغ پر اتفاق
40





