لاہور:پنجاب حکومت نے اپنی چھت اپنا گھر سکیم کے تحت بلاسود ہاﺅسنگ کیلئے نیا ڈیجیٹل ماڈل منظور کر لیا جس کے تحت اب بینک آف پنجاب براہِ راست قرضے جاری کرے گا۔نئے ماڈل کے تحت 60ارب روپے کے قرضوں سے مزید 40ہزار کم لاگت گھر تعمیر کیے جائیں گے، قرض کی فراہمی مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوگی جس میں انسانی مداخلت کم سے کم کی جائے گی۔حکام کے مطابق زمین کی تصدیق اب لینڈ ریکارڈ کے ذریعے کی جائے گی اور قرض کی رقم مرحلہ وار تعمیر سے منسلک ہوگی تاکہ ہر مرحلے پر شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔حکومت پنجاب بینک کو مالی تحفظ فراہم کرے گی اور 9فیصد کریڈٹ گارنٹی بھی منظور ہوگی۔
اس سے قبل اسکیم کے تحت قرضہ براہِ راست بینک آف پنجاب خود جاری نہیں کرتا تھا بلکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے ذریعے سبسڈی اور فنڈنگ کے ذریعے فراہم کیا جاتا تھا۔نئی پالیسی کے مطابق قرض کی رقم بینک کی بیلنس شیٹ سے آئے گی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کی جائے گی، اس اقدام کا مقصد سکیم کی رفتار بڑھانا اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔حکام کے مطابق اب تک ایک لاکھ سے زائد خاندان اپنی چھت اپنا گھر اسکیم سے مستفید ہو چکے ہیں، نئے ڈیجیٹل ماڈل سے مزید خاندانوں کو کم لاگت گھروں کی سہولت فراہم کی جا سکے گی۔ اس اصلاحی اقدام سے ہاﺅسنگ سکیم میں تیز رفتاری، آسانی اور ہر مرحلے پر کنٹرول ممکن ہو گا، جو ملک بھر میں کم لاگت رہائش کی فراہمی کیلئے ایک اہم قدم ہے۔
حکومت نے اپنی چھت اپنا گھر سکیم کیلئے نیا ماڈل متعارف کر دیا
19





