ڈھاکہ:بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے قومی ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لیے این او سی جاری کر دیا ہے جس کے بعد وہ پاکستان میں اپنی اپنی فرنچائز کی نمائندگی کریں گے۔بی سی بی کے مطابق یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے یہ اطمینان دلانے کے بعد کیا گیا کہ میزبان ملک میں سکیورٹی کے حوالے سے کوئی واضح خطرہ موجود نہیں۔ اس سلسلے میں وزارتِ امورِ نوجوانان و کھیل، وزارتِ خارجہ اور اسلام آباد میں بنگلہ دیشی مشن سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔حکام نے خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر کھلاڑیوں کی ذاتی حفاظت کو اولین ترجیح دی۔اجازت ملنے کے بعد فاسٹ بولرز مستفیض الرحمن، شوریف الاسلام اور ناہید رانا جبکہ ٹاپ آرڈر بیٹر پرویز حسین ایمون پاکستان روانہ ہو گئے۔
ناہید رانا نے سوشل میڈیا پر دورانِ پرواز گروپ کی تصویر بھی شیئر کی جس کے ساتھ عید ختم کا کیپشن درج تھا۔دیگر کھلاڑیوں میں تنزید حسن تمیم اور لیگ سپنر رشاد حسین بھی شامل ہیں جنہیں کلیئرنس دی گئی ہے۔مستفیض الرحمٰن اور پرویز حسین ایمون لاہور قلندرز کی نمائندگی کریں گے، جبکہ شوریف الاسلام، ناہید رانا اور تنزیم پشاور زلمی کا حصہ بنیں گے۔ رشاد حسین راولپنڈی پنڈیز کی جانب سے کھیلیں گے۔پی ایس ایل ٹورنامنٹ 26 مارچ سے 3 مئی تک جاری رہے گا، تاہم رواں سال اسے سخت انتظامی پابندیوں کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ ایونٹ کے میچز صرف 2 مقامات تک محدود ہوں گے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے قومی ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کوپی ایس ایل میں شرکت کا این او سی جاری
29





