اسلام آباد :وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپنا گھر ہر شہری کا حق ہے، اس مقصد کے لئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، اس سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات، کم لاگت گھروں کی فراہمی اور شعبے میں روزگار کے اضافے سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وفاقی وزرا ءاعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، میاں ریاض حسین پیرزادہ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، اٹارنی جنرل منصور اعوان، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، نجی شعبے کے ماہرین اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، اس سے بھرپور استفادہ کیلئے سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں اور سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی شعبے میں سرمایہ کاری کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا،تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ سے نہ صرف معیشت کا پہیہ چلے گا بلکہ روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو تعمیرات و رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کے مزید فروغ کیلئے قابل عمل حکمت عملی مرتب کرکے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ حکمت عملی کی تشکیل میں تمام سرکاری اور نجی شعبے کے سٹیک ہولڈرز بشمول صوبائی حکومتوں اور آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو شامل کیا جائے۔
اپنا گھر ہر شہری کا حق ہے، آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم
27





