اسلام آباد :ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کےلئے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا،وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب دوطرفہ قریبی مشاورت، خطے میں امن و سلامتی سے متعلق امور پر رابطوں کا حصہ ہے، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش ہے ، فریقین تحمل اور ضبط کا مظاہرہ کریں ،افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ترجمان دفترِ خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، ایران پر حملوں کی شدید مذمت کی اور فریقین سے تحمل اور ضبط کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب دوطرفہ قریبی مشاورت، خطے میں امن و سلامتی سے متعلق امور پر رابطوں کا حصہ ہے۔ پاکستان مذاکرات و سفارتکاری کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت پر ایرانی صدر سے تعزیت کا اظہار کیا اور مجتبیٰ خامنہ ای کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ایران کے سعودی عرب، بحرین، اردن، کویت، قطر، یو اے ای اور آذربائیجان پر حملوں کی بھی شدید مذمت کی اور ان ممالک سے یکجہتی کا اظہار کیا،پاکستان نے یو این چارٹر، بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور بحران کے حل کے لیے مذاکرات کی بحالی پر زور دیا ہے۔انہوں نے یو اے ای میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی سفارتی مشن نے پاکستانیوں کی میتوں کی وطن واپسی کے لیے متاثرہ خاندانوں سے تعاون کیا۔ خطے کے مختلف ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی مدد کے لیے وزارت خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ یونٹ 24 گھنٹے فعال ہے۔
پاکستان خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا،ترجمان دفتر خارجہ
25





