این ایچ اے کے ٹول پلازوں کی اوپن اور شفاف انداز سے نیلامی احسن اقدام ہے،شہباز شریف

31

اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ این ایچ اے کے ٹول پلازوں کی اوپن اور شفاف انداز سے نیلامی ایک احسن اقدام ہے،جاری منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کیا جائے اور موٹرویز کی مرمت کے دوران کام کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی کار کردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان ،وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ اور اعلی سرکاری حکام نے شرکت کی ۔وزیرِ اعظم نے این ایچ اے کی آمدنی میں اضافے، موٹر ویز اور ہائی ویز پر حفاظتی اقدامات پر مثر طور سے عملدرآمد، سروس ایریاز کی بہتری اور دیگر اقدامات پر وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کے ٹول پلازوں کی اوپن اور شفاف انداز سے نیلامی ایک احسن اقدام ہے،موٹرویز کی مرمت کے دوران کام کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس کو این ایچ اے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 2024ءکی نسبت مالی سال 2025ءمیں این ایچ اے کی آمدن 66.8 ارب روپے سے بڑھ کر 109 ارب روپے تک پہنچ گئی، آمدن میں 63 فیصد اضافہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر این ایچ اے کے ٹول ٹیکس وصولی اور دیگر اقدامات سے ممکن ہوا،اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 2024ءکی نسبت 2025ءمیں موٹر ویز پر ایم ٹیگ کی تعداد 20سے بڑھ کر 81فیصد ہو گئی، ہائی ویز اور موٹر ویز پر ایکسل لوڈ کی پابندی کی شرح بھی بالترتیب 90اور 95 فیصد تک پہنچ گئی جس سے نہ صرف حادثات میں کمی جبکہ سڑکوں پر دبا میں کمی اور ان کی میعاد میں اضافہ ہوا ہے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ موٹر ویز پر موجود سروس ایریاز کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ قومی شاہراہوں پر بھی سروس ایریاز بنائے جارہے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سال موٹرویز پر ایئر ایمبولینس سروس متعارف کی جائیگی ۔ علاوہ ازیں موٹروے کے تمام انٹر چینجز پر 1122 کی سروس ہر وقت تیار رہتی ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ این ایچ اے کے اپنے بجٹ سے لیاری ایکسپریس وے، ٹھوکر نیاز بیگ (این 5)اور اسلام آباد مری ایکسپریس وے کی اپ گریڈیشن مکمل ہو چکی ہے۔وزیرِ اعظم نے وزیرِ مواصلات اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی اور جاری منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں