لاہور:وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ملک میں غذائی صورتحال اور وافر اشیا ءکی برآمدات پر جائزہ اجلاس ہوا ۔اجلاس کوملک میں موجود اشیا ئے خورونوش کے موجودہ ذخائر اور پیداوار پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ پاکستان میں اشیائے خورونوش کا وافر ذخیرہ موجود ہے اورکسی بھی چیز کی قلت نہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کے زرعی شعبے بشمول زرعی اجناس، گوشت، پولٹری، ڈیری اور سی فوڈ میں برآمد کی وسیع استعداد موجود ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے کمیٹی تشکیل کرنے کی ہدایت کی جو روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے گی جبکہ وزیر اعظم نے برادر خلیجی ممالک میں تعینات سفیران و ٹریڈ افسران کو متحرک رہنے کی ہدایت بھی کی ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ملکی غذائی ضروریات کیلئے اشیا ئے خورونوش کی طلب و رسد کی مکمل نگرانی کی جائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی سپلائی چینز متاثر ہونے سے خطے میں پاکستانی مصنوعات کی برآمد کی استعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ موجودہ صورتحال میں خلیجی ممالک کو درکار اشیا ئے خورونوش کی فراہمی اور ان کے غذائی تحفظ کا خیال رکھا جائے اورپاکستانی غذائی ضروریات کو متاثر کئے بغیر وافر مقدار میں موجود اشیا ئے خورونوش کی خلیجی ممالک میں برآمد کیلئے جامع لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ برادر خلیجی ممالک میں اشیا ئے خورونوش کی برآمد کرتے وقت اعلی معیار یقینی بنایا جائے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پی این ایس سی بحری راستے کے ذریعے برادر خلیجی ممالک میں اشیا ئے خورونوش برآمد کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرے۔اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا ءجام کمال خان، رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی چیف سیکرٹریز اور متعلقہ شعبے کی نجی ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
ملکی غذائی ضروریات کیلئے اشیا ئے خورونوش کی طلب و رسد کی مکمل نگرانی کی جائے:شہباز شریف
38





