فیلڈ مارشل کا جنوبی وزیرستان کا دورہ، آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ، آپریشن غضب للحق کی تازہ پیشرفت سے آگاہ کیا گیا

30

راولپنڈی :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کےلئے افغان سرزمین کا استعمال ناقابل قبول ہے، شہدا کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی بنیاد ہیں۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بدھ کو جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا۔وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا، اس موقع پر جنرل عاصم منیر کو سیکیورٹی صورتحال، انٹیلی جنس بیسڈ جاری آپریشنز اور بارڈر مینجمنٹ کےلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی اور آپریشن غضب للحق میں تازہ پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ترجمان کے مطابق پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے فیلڈ مارشل نے پاکستان افغانستان سرحد پر تعینات فارمیشنز کی جنگی تیاری، ہم آہنگی مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ فیلڈ مارشل نے مادر وطن کے دفاع میں لازوال قربانیاں دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
ترجمان کے مطابق سید عاصم منیر نے اگلے مورچوں پر تعینات افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور جاری جھڑپوں کے دوران ان کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور بلند حوصلے کو سراہا۔فیلڈ مارشل نے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے جوانوں کے ثابت قدم عزم کو سراہا۔ فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کےلئے افغان سرزمین کا استعمال ناقابل قبول ہے اور سرحد پار سے پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کےلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی بنیاد ہیں۔ فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں فریقوں کے درمیان امن صرف اسی صورت میں قائم ہو سکتا ہے جب افغان طالبان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ترک کر دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں