راولپنڈی:باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا کر 12 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ حملے کے دوران 11اہلکار شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 16فروری 2026کو باجوڑ ضلع میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ چیک پوسٹ پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج، جن کا تعلق فتنہ الخوارج سے تھا، نے بزدلانہ دہشت گرد حملے کی کوشش کی۔بیان کے مطابق حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی تاہم پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے مستعد اور بروقت ردعمل نے دشمن کے ناپاک عزائم کو فوری اور فیصلہ کن انداز میں ناکام بنا دیا۔ترجمان پاک فوج نے کہاکہ جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے والے خوارج کو نشانہ بنایا اور 12خوارج کو ہلاک کر دیا، حملہ آوروں نے اپنی ناکامی پر دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ شدید دھماکے کے باعث چیک پوسٹ کا انفراسٹرکچر منہدم ہو گیاجس کے نتیجے میں وطن کے 11بہادر سپوت شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ دھماکے سے قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچاجس کے نتیجے میں ایک کمسن بچی شہید جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 7شہری زخمی ہوئے۔بیان کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجی دہشت گرد کے خاتمے کےلئے کلیئرنس/سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آرنے کہاکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن عزمِ استحکام کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔ترجمان پاک فوج نے کہاکہ بہادر جوانوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور وطن کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
دریں اثناءوفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے حملہ ناکام بنانے پر بہادر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 11جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ بہادر سپوتوں نے جان دے کر 12دہشتگردوں کو جہنم رسید کیا، فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے والے جوانوں کی جرات کو سلام، شہدا کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، شہدا کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
باجوڑ:سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، 11 جوان شہید، 12 خوارج جہنم واصل
13





