غیرحل شدہ سیاسی تنازعات صورتحال کو بارود کے ڈھیر میں تبدیل کررہے ہیں ، وزیراعظم

16

ویانا :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرہ ارض کو درپیش عالمی بحرانوں کواجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرحل شدہ سیاسی تنازعات صورتحال کو بارود کے ڈھیر میں تبدیل کررہے ہیں ، سفارتکاری، بات چیت اور مکالمہ تنازعات روکنے کا واحد ذریعہ ہے،پائیدار ترقی کو عدل و انصاف پر مبنی ہونا چاہئے اس کے بغیرعالمی امن ہمیشہ کےلئے خواب ہی رہے گا،اقوام متحدہ کو پہلے سے بہت زیادہ مضبوط، مناسب وسائل سے لیس اور اصلاح شدہ ادارہ بنایا جائے تاکہ یہ عالمی تعاون کے مرکزی ستون کے طور پر کام کرتا رہے۔ وہ منگل کویہاں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ”پائیدار ترقی ، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ“کے موضوع پر خصوصی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔وزیراعظم نے پاکستان اور اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کے مابین تعاون کے معاہدوں پردستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ان معاہدوں میں یو این آئی ڈی او پروگرام برائے کنٹری پارٹنرشپ پاکستان( 2025 تا 2030)، یواین او ڈی سی کنٹری پروگرام پاکستان اور انسٹیٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن اینڈ آنکالوجی لاہور (انمول) اور آئی اے ای اے کے مابین تعاون کے معاہدے شامل ہیں۔خصوصی تقریب میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے علاوہ ویانا میں موجود بین الاقوامی تنظیموں کے ڈائریکٹرجنرلز اورسفارتی مشنز کے مستقل نمائندوں نے بھی شرکت کی۔وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کےلئے اقوا م متحدہ کے ویانا دفتر میں اس اجتماع سے خطاب اعزاز کی بات ہے ، یہ شہر طویل عرصے سے سفارتکاری، کثیرالجہتی تعاون اور مکالمے کے ذریعے امن کی تلاش کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک ایسے لمحے میں جمع ہوئے ہیں جو عالمی تبدیلی اور گھمبیر نتائج کا حامل ہے، دنیا اس وقت چوراہے پر کھڑی ہے اور ہم الجھے ہوئے بحرانوں کا سامنا کررہے ہیں،ہمارے دور کا سب سے بڑا اندیشہ کوئی واحد خطرہ نہیں بلکہ جغرافیائی و سیاسی دشمنیاں ،موسمیاتی بحران سمیت کئی خطرات کا مجموعہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بہت سے عوامل عدم استحکام کا باعث بن رہے ہیں ،کرہ ارض کو بیک وقت کئی بحرانوں کا سامنا ہے،بڑھتی ہوئی عالمی آبادی تیزی سے ہمارے سیارے کے محدود قدرتی وسائل کو ختم کررہی ہے،غیرحل شدہ سیاسی تنازعات اس صورتحال کو مزید بڑھاوا دے رہے ہیں اور اسے بارود کے ڈھیر میں تبدیل کررہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ غربت، قرضوں کے جال، بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور ہجرت مزید بڑا خطرہ ہیں جو دنیا کو رہنے کےلئے مزیدخطرناک جگہ بنا رہے ہیں،پائیدار امن ،جو ہمارے دور کے بحرانوں کا مقابلہ کرسکے،کا ایک ہی راستہ ہے اور وہ پائیدار ترقی کا راستہ ہے، ایک ایسی پائیدار ترقی جس میں کوئی پیچھے نہ رہے،یہ انسانیت کےلئے وقت کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں