صدر مملکت آصف زرداری کی زیر صدارت مقامی اور صوبائی قیادت کا اجلاس، معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال

15

لاہور:صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت بلاول ہاﺅس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کی مقامی اور صوبائی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی کے اندرونی معاملات کے ساتھ ساتھ ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں پارٹی کے ڈویڑنل اور ضلعی صدور، پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران اور وسطی پنجاب کے اضلاع کے نو منتخب عہدیداران نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیاسی مذاکرات اور اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جمہوری مصروفیت انصاف، قومی ہم آہنگی اور ترقی کا سب سے مضبوط ذریعہ ہے۔ عوامی خدمت اور تعمیری سیاست میں ثابت قدمی نا گزیر ہے۔ صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان کو معاشی دبا ﺅاور سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لیے پارٹی کارکنوں اور قیادت کی جانب سے صبر اور مسلسل کوشش کی ضرورت ہے۔صدر آصف زرداری نے کہا کہ زراعت کو مضبوط بنانا اور معاشی استحکام کو سپورٹ کرنا قومی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے اور ان شعبوں پر مسلسل توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے بانی اصولوں اور اپنی تاریخی قیادت کی میراث پر قائم ہے۔
قومی سلامتی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ قومی خودمختاری، سالمیت اور پاکستان کی سلامتی ہمیشہ ہماری پارٹی کی بنیاد رہی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو تک اور اب بلاول بھٹو زرداری تک ہم پاکستان کے دشمنوں کی طرف سے لاحق خطرات کے خلاف لڑتے رہے ہیں۔ ہم بیرونی ممالک کی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ صدر زرداری نے کہا کہ ہم اپنے عوام کے اتحاد سے انتہا پسندی اور دہشتگردی کو شکست دیں گے۔وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے اپنے خطاب میں پنجاب میں پارٹی کی پیشرفت اوراس میںنوجوانوں کو شامل کرنے اور پارٹی کے ڈھانچے کو مضبوط کرنے کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔صدر پیپلز ویمن ونگ سنٹرل پنجاب اور ایم این اے ثمینہ خالد گھرکی نے نچلی سطح پر شمولیت پر زور دیتے ہوئے سیاسی اور کمیونٹی موبلائزیشن میں خواتین کے کردار پر بات کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں