راولپنڈی /مظفرآباد :چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل عاصم منیر نے تحریک آزادی کشمیر کے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق آزادی کی صبح جلدی طلوع ہوگی،پاکستان سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق عالمی فورمز پرمسئلہ کشمیرکو بھرپورانداز میں اجاگر کرتا رہے گا۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر راولپنڈی نے ان کا استقبال کیا ۔ فیلڈ مارشل نے تحریک آزادی کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جموں و کشمیر شہدا یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور کشمیر تحریک کے شہدا کی بے مثال جرات، قربانی اور لازوال جدوجہد کو سراہا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر معززین اور سابق فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیرکے عوام کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں اور ہندوتوا پر مبنی زیادتیاں کشمیری عوام کی جائز جدوجہد اور ان کی امنگوں کو دبانے میں ناکام رہی ہیں، کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی ثابت قدم اور حمایت کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ کشمیری عوام کی خواہشات اور تقدیر کے مطابق آزادی کی صبح جلد طلوع ہوگی، پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازع کشمیر کے منصفانہ حل تک تمام متعلقہ بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار جاری رکھے گا۔چیف آف ڈیفنس فورسز نے کشمیر میں تعینات افسران اور جوانوں کی غیر متزلزل وابستگی، بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاریوں کو سراہا اور چیلنجنگ آپریشنل حالات کے باوجود اعلی سطح کی تیاری، مستعدی اور تمام شعبوں میں موثر ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ دشمن کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا بروقت اور فیصلہ کن جواب دیا جا سکے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دورے کے دوران ایک فارورڈ پوسٹ کا بھی معائنہ کیا جہاں انہوں نے محاذ پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور کہا کہ کسی بھی جارحیت کا فوری، تیز اور مو ثر جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسلح افواج بدلتے ہوئے سیکیورٹی ماحول میں روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کےلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق آزادی کی صبح جلد طلوع ہوگی، فیلڈ مارشل
19





