مظفر آباد:وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھارت کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دیں گے،معرکہ حق میں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت پراکسیز کے ذریعے دہشت گردی کر رہا ہے، بھارت کے سازشیں ترک کرنے تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا،بھارت کے پاس کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے سوا کوئی راستہ نہیں، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، آزاد کشمیر میں کوئی بھی حکومت ہو، میرا فرض ہے آگے بڑھ کر تعاون کروں، ہمارے تعاون میں کسی قسم کی کمی نہیں آئے گی۔ وہ جمعرات کو یہاں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجا فیصل ممتاز راٹھور ، وفاقی وزرا ، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان، سابق وزرائے اعظم اور حریت قائدین سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت بھی موجود تھی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ وہ آج کشمیری بہنوں بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے آئے ہیں، برہان وانی ، سید علی گیلانی ، آسیہ اندرابی ، یاسین ملک اور میر واعظ عمر فاروق سمیت تمام کشمیری رہنماو¿ں ،خواتین ، بچوں اور بزرگوں نے جدوجہد کی تاریخ رقم کی ہے، ان کی قربانیوں سے کشمیر کی دھرتی سرخ اور بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے ، دنیا کو بتادیا کہ کشمیر نہ بھارت کا حصہ تھا، نہ ہے اور نہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا تھا، یہی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تنازعہ کشمیر کا پائیدار حل صرف اور صرف کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل سے ہی ممکن ہے، اس کے سوا بھارت کے پاس کوئی راستہ نہیں ، پاکستان کشمیریوں کو ان کا حق ملنے تک ان کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے معرکہ حق میں بھارت کا غرور خاک میں ملادیا اور اسے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہماری مسلح افواج نے ایسا سبق سکھایا جو اس کی نسلیں بھی کبھی بھول نہ پائیں گی، معرکہ حق صرف ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی فتح نہیں بلکہ یہ کشمیری عوام کی قربانیوں کی بھی فتح ہے۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد کشمیر کاز پوری دنیا میں پوری قوت سے زندہ ہوا، بھارت کا جھوٹ کا بیانیہ دفن ہونا ہماری سفارتی کامیابی ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ بھارت نے ذلت آمیز شکست کے بعد اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دوبارہ دہشت گردی تیز کردی ہے، بھارت کے جارحانہ ، توسیع پسندانہ اور تسلط پسندانہ عزائم کو ترک کیے جانے تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔
بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دیں گے،وزیر اعظم
19





