کسی بھی جواز کے تحت تشدد اور دہشت گردی کو قبول نہیں کیا جا سکتا:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

19

راولپنڈی:چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بدھ کو کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہیں صوبے میں موجودہ سکیورٹی صورتحال اور اندرونی سلامتی سے متعلق آپریشنز پر جامع بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں حالیہ دہشت گرد حملوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جو بھارتی سرپرستی میں بین الاقوامی سطح پر نامزد دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان سے منسلک عناصر نے کیے تاہم سکیورٹی فورسز کے بروقت اور جارحانہ ردعمل نے ان کے امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کے مذموم عزائم ناکام بنا دئیے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بریفنگ میں ریاستی رٹ کو مزید مضبوط بنانے، عوام اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو قانون کے مطابق سخت کارروائی کے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا اور کسی بھی جواز کے تحت تشدد اور دہشت گردی کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے پاکستان مخالف سازشوں کو ناکام بنا کر امن و امان برقرار رکھا۔بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا اور ملکی دفاع میں ان کی بہادری اور استقامت کی تعریف کی۔اس سے قبل کوئٹہ آمد پر کمانڈر کوئٹہ کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں