پوری کوشش ہے ایران کا معاملہ بات چیت کے ذریعے حل ہو، شہباز شریف

23

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران کی کشیدہ صورتحال میں پاکستان نے برادرانہ کردار ادا کیا، میں نے، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے مختلف اوقات میں ایرانی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی۔بدھ کووزیراعظم نے کابینہ کے اجلاس میں شریک وزراءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری کوشش ہے ایران کا معاملہ بات چیت کے ذریعے حل ہو، چاہتے ہیں خطے میں منڈلاتے خطرات ختم ہوجائیں، خطے میں دیرپا امن چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قطر، ترکیہ، مصر اور دیگر ممالک نے بھی ایران کے معاملے پر کوششیں کی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان نے دہشت گرد حملہ کیا، ہماری بہادر افواج نے دہشت گردوں کو بھرپور جواب دیا، جوابی کارروائی میں 180دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگرد حملے میں 17جوان اور 31شہری شہید ہوئے،دہشتگردوں نے گوادر میں 5بچوں اور خواتین کو قتل کیا۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں دشمن کو شکست سے دو چار کیا، نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والے انسان نہیں ہیں، ہمارے شہدا کی قربیانیاں رنگ لائیں گی، دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا۔شہباز شریف نے کہاکہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے، مزدوروں اور بچوں کے قتل پر پوری قوم افسردہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں