اسلام آباد:پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی،تعلیم،کھیل، ریلوے، مصنوعی ذہانت و ڈیجیٹل ترقی اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کےلئے مفاہمت کی متعدد یادداشتوں اورمعاہدوں پر دستخط کر دیئے گئے ہیں ،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کے بہت مواقع ہیں، ایک سال میں دو طرفہ تجارت کو ایک ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے، مشترکہ کوششوں سے اقتصادی اور تجارتی تعاون کے اہداف حاصل کریں گے ، مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کی عکاس ہیں، سٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے،دونوں ممالک غزہ بورڈ آف پیس کے بھی رکن ہیں ، دعاگو ہیں کہ غزہ میں مستقل امن اورخوشحالی آئے جبکہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف نے کہا ہے کہ پاکستان قازقستان کا قابل اعتماد دوست او ر سٹریٹجک شراکت دار ہے، دونو ں ممالک کے درمیان تجارت و معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ مل رہا ہے، ایک ارب ڈالر کا تجارتی ہدف حاصل کرنے کےلئے مل کر آگے بڑھیں گے،خطے میں امن و استحکام کےلئے پاکستان کی کاوشیں قابل تعریف ہیں،دفاع کے شعبے میں بھی پاکستان کی ترقی عالمی سطح پر تسلیم کی جاتی ہے، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کےلئے پرعزم ہیں، پاکستانی سرمایہ کاروں کوکاروبار کےلئے پرکشش مواقع فراہم کریں گے۔
بدھ کووزیراعظم ہاﺅس میں پاکستان او ر قازقستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی دستاویزات کے تبادلوں کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر قاسم جومارت توکایووف بھی موجود تھے۔پاکستان اور قازقستان کے درمیان کان کنی اور پٹرولیم ،اقوام متحدہ کے امن دستوں ، قیدیوں کے تبادلے سے متعلق معاہدے ، میری ٹائم کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت،ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے ، کسٹمزکے شعبے میں تعاون سے متعلق معاہدے ،ریلوے کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت ،پلانٹ پروٹیکشن اور ویٹرنری کے شعبوں میں تعاون ،مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ترقی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت، صحت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت ،سر کاری نیوز ایجنسی (اے پی پی )اور قازقستان کے سرکاری ٹی وی کے درمیان تعاون کے معاہدے،موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں تعاون کے معاہدے،اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت ،مالیاتی نظم ونسق و بینکاری کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت ،ثقافت کے شعبے میں تعاون کے معاہدے، لاجسٹک کے شعبے میں بھی تعاون کے معاہدے ، ورچوئل اثاثوں کے شعبے میں تعاون کے معاہدے، بندرگاہوں کے شعبے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کےلئے 19 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔
پاکستان ،قازقستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کےلئے مفاہمت کی متعدد یادداشتوں ،معاہدوں پر دستخط
18





