اسلام آباد :قومی اسمبلی نے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے متفقہ قرارداد منظور کر لی جس میں ایک بار پھر مطالبہ کیاگیا ہے کہ اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے۔منگل کو ایوان میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے قرار داد قواعد کو معطل کر کے پیش کی گئی۔قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر ایک عالمی تنازع ہے، اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے، ایوان برطانیہ کی پارلیمنٹ میں جموں و کشمیر سے متعلق ہونے والی بحث خوش آئند قرار دیتا ہے۔قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، بھارتی فورسز کی مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور بربریت اور بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019ءکے غیر قانونی یک طرفہ اقدام کی مذمت کرتا ہے۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ بھارت 5 اگست 2019ءکے اقدام کو فوری واپس لے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، عالمی برادری جموں و کشمیر تنازع کے حل میں فعال کردار ادا کرے۔ایوان نے قرار داد میں مئی 2025ءکے معرکہ حق کے بعد امریکی صدر ٹرمپ کے مسئلہ کشمیر پر مثبت بیانات کا خیر مقدم بھی کیا۔ دریں اثناءقومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرار داد میں شہداءاور زخمیوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔
قرارداد اسپیکر قومی اسمبلی نے ایوان میں پیش کی، جس میں بیرونی اسپانسرز اور اندرونی پراپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اسپیکر نے اراکین سے قرارداد کے حق اور مخالفت میں رائے طلب کر لی۔اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے اعتراض کیا کہ اس قرار داد کے آغاز میں ہر صوبے کے وسائل اس کے عوام کے ہونے چاہئیں۔وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، ہمیں مشترکہ پیغام دینا چاہیے۔نور عالم خان نے کہا کہ اس قرارداد میں خیبرپختونخوا کو بھی شامل کریں، دہشت گردی کےپی میں سب سے زیادہ ہو رہی ہے، دہشت گردی کی ہر قسم کے خلاف بولنا ہوگا۔سحر کامران نے کہا کہ ٹی ٹی پی اور ہندوستان کے اتحاد کو سامنے رکھیں تو یہ ایک منظم حملہ تھا، فوج اور سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے اس حملے کو ناکام بنایا۔ ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے رکنِ اسمبلی عالیہ کامران نے بلوچستان کے مسئلے کو بات چیت سے حل کرنے کا مشورہ دیا۔انہوں نے کہا کہ بتایا گیا کہ 177 دہشت گرد مارے گئے، یہ بھی بتایا جائے کہ کیا 12 یا 14 اضلاع ان کے کنٹرول میں ہیں۔
قومی اسمبلی میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے قرارداد منظور
16





