اسلام آباد :وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر ملکی معیشت کی بحالی کےلئے فیلڈ مارشل کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور فوج کی شراکت داری ملک کےلئے بہتر ہے ،معرکہ حق میں فتح کے بعد پاکستان کا دنیا میں منفرد مقام بن چکا ہے، دنیا آپ کی بات مان رہی ہے، سرمایہ کاری کے لیے رابطے کر رہی ہے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدد نہ ہوتی تو کئی مسائل حل نہیں ہو سکتے تھے،حکومت اور فوج کی پارٹنر شپ اسی طرح چلتی رہی تو پاکستان دنیا کے نقشے پر مضبوط ملک بن کر ابھرے گا ،معاشی کامیابی کے کٹھن سفر میں کامیابی کیلئے دن رات خون پسینہ بہانا ہوگا جبکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے برآمد کنندگان کیلئے ایکسپورٹ ری فنانسنگ کی شرح 7.5 فیصد سے کم کرکے 4.5 فیصد کرنے ، بجلی کے ٹیرف میں چار روپے چار پیسے مزید کمی، ویلنگ چارجز میں 9 روپے کی کمی سمیت نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بڑے برآمد کنندگان کیلئے دو سال تک بلیو پاسپورٹس کی مراعات کا اعلان کیا ہے ۔وہ جمعہ کو یہاں ملک کے نمایاں برآمد کنندگان اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزرا ءخواجہ محمد آصف ،عطا اللہ تارڑ، جام کمال، احسن اقبال ،رانا تنویر حسین ،شزہ فاطمہ خواجہ،مصدق ملک ، عبدالعلیم خان ، حنیف عباسی سمیت وفاقی وزرا ، معاونین خصوصی ، مشیران اور نمایاں برآمد کنندگان اور کاروباری شخصیات بھی تقریب میں موجود تھیں۔ وزیر اعظم نے نمایاں برآمد کنندگان اور کاروباری شخصیات کو 2024 اور2025میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر ایوارڈ دیئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ پاکستان بھر سے آئی مایہ ناز کاروباری شخصیات کو خوش آمدید کہتے ہیں جنہوں نے شبانہ روز محنت کرکے ملک کا نام روشن کیا اور ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ برآمد کنندگان نے مشکل حالات میں بہترین کام کیا،پوری قوم ان کو مبارکباد پیش کرتی ہے، برآمدکنندگان کی غیرمتزلزل محنت سے ملک میں اربوں ڈالر آئے۔
معرکہ حق میں فتح کے بعد پاکستان کا دنیا میں منفرد مقام بن چکا ہے:وزیرِ اعظم شہباز شریف
17





