پاکستان کی مسلح افواج ہر خطرے کیخلاف مکمل طور پر تیار ہیں،فیلڈ مارشل

33

راولپنڈی/بہاولپور: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہاہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کےلیے ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں،مسلح افواج تیزی سے جدید ٹیکنالوجی کو اپنا رہی ہے،جدت، مقامی تیاری اور مطابقت بنیادی ستون رہیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا، جدید ٹیکنالوجیز پر مبنی مشق کا مشاہدہ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف کو بہاولپور گیریژن میں مختلف آپریشنل، تربیتی اور انتظامی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی جس میں بالخصوص ملٹی ڈومین وارفیئر کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔اس موقع پر چیف آف ڈیفنس فورس نے خیرپور ٹامیوالی (کے پی ٹی) میں فیلڈ ایکسرسائز اسٹیڈفاسٹ ریزولو کا مشاہدہ کیا جس میں جدید ٹیکنالوجیز جیسے بغیر پائلٹ فضائی نظام (ڈرونز)، جدید نگرانی کے آلات، الیکٹرانک وارفیئر کے وسائل اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کا باہمی انضمام شامل تھا، یہ مشق مسلح افواج کی ٹیکنالوجی پر مبنی ملٹی ڈومین آپریشنز پر توجہ کی عکاسی کرتی ہے۔
اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کےلیے ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، انہوں نے مستقبل کے میدانِ جنگ اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔چیف آف ڈیفنس فورس نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان کی مسلح افواج مختلف شعبوں میں بڑی تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں، جنگ کی نوعیت میں نمایاں تبدیلی آ چکی ہے، جہاں ٹیکنالوجی میں ترقی اس ارتقا کو آگے بڑھا رہی ہے اور اس کے نتیجے میں تمام سطحوں پر فکری تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں